14 اپریل 2015 - 14:37
یورپ: یوکرین خانہ جنگی کے خاتمے کا مطالبہ

فرانس، جرمنی، روس اور یوکرین کے وزرائے خارجہ نے یوکرین کے مشرقی علاقے میں جنگ بندی پر زور دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ان چار ملکوں کے وزرائے خارجہ نے کہا ہے کہ مشرقی یوکرین میں جنگ بندی کے ساتھ ساتھ اس علاقے سے بھاری ہتھیار بھی نکال لئے جائیں۔ جرمنی، فرانس، روس اور یوکرین کے وزرائے خارجہ نے برلین میں یوکرین کے بحران کا جائزہ لیا۔ اس اجلاس کے بعد جرمن وزیر خارجہ اشٹائن مائر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بعض مسائل میں بنیادی اختلافات موجود ہیں لیکن شرکاءئے اجلاس نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ یوکرین میں جنگ بندی کے لئے مینسک معاہدے سے بہتر کوئی چیز نہیں ہے۔ یوکرین کے وزیر خارجہ نے کہا کہ تمام فریقوں نے اتفاق کیا ہے کہ مشرقی یوکرین کے محاذوں سے سنگین ہتھیار ہٹا لئےجائیں گے اور جن ہتھیاروں کے نام اس رپورٹ میں درج ہیں ان میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ چار یورپی ملکوں کے وزرائے خارجہ نے مشرقی یوکرین کو مالی امداد اور یورپی یونین کی سلامتی اور تعاون کونسل کو کہ جو مشرقی یوکرین میں جنگ بندی پر نگرانی کر رہی ہے، مزید افرادی قوت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ ان ملکوں نے یہ بھی اتفاق کیا ہے کہ مشرقی یوکرین میں قیدیوں کا تبادلہ بھی ہو گا اور چار ورکنگ گروپ مشرقی یوکرین کے انسانی، اقتصادی، سیاسی اور سیکورٹی مسائل حل کرنے کے لئے تشکیل پائیں گے۔

.......

/169